بنگلورو یکم جولائی (ایس او نیوز) ریاست کرناٹک میں کورونا وائرس کے معاملے دن بہ دن کم ہورہے ہیں ۔ کہا جارہا ہے کہ ریاستی حکومت 5 ؍ جولائی کے بعد ریاست کو مزید اَن لاک کرنا چاہتی ہے۔
تازہ خبروں کے مطابق ریاست میں اَن لاک 3 کے بعد سینما گھر، شاپنگ مالس ، پب، کلب ، بارس کو کھولنے کی اجازت دئے جانے کا امکان ہے۔ اسی کے ساتھ عبادت گاہوں کو بھی عام لوگوں کے لئے کھولنے کی اجازت دی جاسکتی ہے۔
ریاست میں اَن لاک3 کی تفصیلات بتاتے ہوئے وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈیا یورپا نے کہا کہ چند شرائط کے ساتھ حکومت شہر میں مالس کھولنے پر غور کررہی ہے۔ اس ضمن میں فیصلہ عنقریب کیا جائے گا۔
ایڈی یورپا نے کہا کہ مالس (شاپنگ سنٹروں ) کے اسوسی ایشن کے اراکین سے ملاقات کی تھی۔ اس سلسلہ میں اپنے کابینہ ساتھیوں کے ساتھ مشوروں کے بعد مالس کو دوبارہ کھولنے میں چند رعایتیں دی جائیں گی۔ اس کا حتمی فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ریاست میں شاپنگ مالس کھولنے کا فیصلہ 5 جولائی کے بعد کیا جائے گا۔ موجودہ کووڈ اَن الک گائیڈ لائنس ختم ہورہی ہے ۔ چند شعبوں کو کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے لیکن ایر کنڈیشن شاپس ، شاپنگ کامپلکسوں ، مالس کو ابھی کھولنے کی اجازت دینا باقی ہے۔
ریاست کرناٹک میں تقریبا 84 مالس ہیں جن کا سالانہ کاروبار 40 ہزار کروڑ تا 45 ہزار کروڑ روپئے ہے۔ یہ مالس بند ہونے کی وجہ سے لاکھوں ملازمین سڑکوں پر آگئے ہیں۔ حالانکہ منتظمین چند ملازمین کو تنخواہ ادا کررہے ہیں۔
یاد رہے کہ 28 جون سے صرف 40 مہمانوں کے ساتھ شادی محلوں، ہوٹلوں اور ریسارٹس میں شادی بیاہ کی اجازت دی گئی ہے۔